آرمی چیف سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، خطے کے امن کیلئے کوششوں کا اعتراف

پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسٹیان ٹرنر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران کرسٹیان ٹرنر نے ‘اعتراف کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششیں رہی ہیں’۔

بیان میں کہا گیا کہ برطانوی ہائی کمشنر نے ‘دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید بڑھانے کا اعادہ کیا’۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان میں حال ہی میں ہونے والی پیش رفت سمیت خطے کے سکیورٹی حالات اور کووڈ-19 کے خلاف کوششوں میں تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر اور علاقائی امور میں برطانیہ کے متوازن کردار کو اہمیت دیتا ہے اور ہم اسٹریٹجک تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں