ماہرین نے عیدالاضحیٰ کے دوران کیسز میں اضافے سے خبردار کیا تھا

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک دفعہ پھر اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عیدالاضحیٰ کے دوران ایس او پیز پر خصوصی عمل درآمدکرنے کے لیے احکامات جاری کر دیے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی صدارت میں این سی او سی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام صوبائی چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

‘ایس او پیز پر عمل نہیں ہوا تو سخت پابندیوں کا فیصلہ ہو سکتا ہے’

اجلاس میں ملک میں کورونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور مختلف شعبوں میں میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کا نوٹس بھی لیا گیا۔

وفاقی وزیر کی زیر صدارت اجلاس میں تمام صوبوں کو کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد اور ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی گئی۔

این سی او سی نے عید الاضحیٰ کے حوالے سے جاری ایس او پیز پر عید کے دوران خصوصی عمل درآمد کے احکامات دیے۔

اجلاس کے دوران این سی اوسی کو بتایا گیا کہ افغانستان میں کورونا کی تشویش ناک صورتحال کے پیش نظر مغربی سرحد کو 18جون 2021 سے بند کیا گیا تھا تاہم دونوں اطراف میں پھنسے ہوئے پاکستان اور افغانستان کے شہریوں کے علاوہ انتہائی ہنگامی صورت میں مریضوں اور طلبہ کو خصوصی رعایت حاصل ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ افغانستان میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے چمن اور طورخم بارڈر پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ وہ پاکستانی جن کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگ چکی ہیں، ان کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں 10 دن کے لیے لازمی قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں