نیشنل لائسنسنگ ایگزام کے خلاف گنگا رام ہسپتال کے ڈاکٹرز اور فاطمہ جناح میڈیکل کالج کے طلبہ سڑکوں پر آ گئے، مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

ڈاکٹرز اور فاطمہ جناح میڈیکل کالج کے طلبہ سراپا احتجاج، گنگارام ہسپتال سے شاہراہ فاطمہ جناح چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ڈاکٹرز اورمیڈیکل  طلبہ نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔  

مظاہرین نے پی ایم سی ایکٹ کو مسترد کرتے ہوئے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی، مظاہرین نے کہا کہ پی ایم سی ایکٹ کے تحت نیشنل لائسنسنگ امتحان کا گزشتہ میڈیکل کلاسز پر اطلاق غیر قانونی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ڈاکٹروں کو ایک بے مقصد امتحان میں فیل کرکے نوکریوں سے محروم کر دیا جائے۔

طلبہ نے حکومت کے سے مطالبات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی غیر موجودگی میں منظور ہونے والے پی ایم سی ایکٹ کو پارلیمنٹ میں زیر بحث لایا جائے، اور پی ایم سی ایکٹ کے منصفانہ نفاذ کیلئے میڈیکل کمیونٹی کے سٹیک ہولڈرز بالخصوص طلبہ تنظیموں کو اعتماد میں لیا جائے۔

مزید برآں 2015ء سے 2019 ءتک داخلہ لینے والے میڈیکل طلبہ کو بغیر این ایل ای کے لائسنس فراہم کیا جائے، رواں سال اور مستقبل میں داخلہ لینے والے طلبہ پر این ایل ای کا اطلاق کرنے سے قبل ایف سی پی ایس پارٹ ون اور جے کیٹ کو ختم کیا جائے۔

احتجاجی ڈاکٹرز اور طلبہ نے مزید کہا کہ جب تک این ایل ای کا قانون واپس نہیں لیا جاتا احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ 

  

اپنا تبصرہ بھیجیں