آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی اور آرمی چیف نے پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سلامتی یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چین کے سفیر نونگ رونگ نے پیر کو جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

داسو ہائیڈرو پاور پلانٹ کے قریب ’حملے‘ میں 9 چینی انجینئرز سمیت 12 افراد ہلاک

آرمی چیف نے داسو میں بس پر حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے چین کی حکومت اور عوام بالخصوص سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ پاک فوج ہمارے دوست چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کی بہت قدر کرتی ہے اور پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں سے مکمل تعاون اور سلامتی کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کراتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوکہ ہم امن کے لیے کوشاں ہیں لیکن ہمیں ملک دشمن عناصر خصوصاً پاک چین اسٹریٹجک تعاون کے لیے خطرہ بننے والے تمام عناصر کے خلاف مضبوط رہنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں