وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ کورونا کی چوتھی لہر سے نمٹنے کیلئے اقدامات اور شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پانچ شہروں میں کورونا ویکسین لگانے کی خصوصی مہم کے بارے میں بھی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بریفنگ دی گئی۔ عثمان بزدار نے کورونا ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کی 50 لاکھ آبادی کو 14 اگست تک ویکسینیشن کی جائے گی۔ پانچ شہروں میں خصو صی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے محکمہ صحت اور انتظامیہ لیڈ لیں۔ پنجاب میں تقریبا 20 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ شہری کورونا ویکسین لگوائیں اور اپنی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔ پنجاب حکومت نے کورونا پر قابو پانے کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 11 افراد جاں بحق ہو ئے۔ پنجاب میں مثبت کیسوں کی شرح 3 فیصد سے کم ہے۔ ایس او پیز پر عمل کرنا شہریوں کے مفاد میں ہے۔

سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ نے کورونا ویکسین لگانے کے عمل میں پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن نے ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے کئے گئے اقدمات بارے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن نے اجلاس میں شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں