نئے ڈومیسٹک سیزن میں بھی ٹیموں کے کوچز کو برقرار رکھنے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئے ڈومیسٹک سیزن میں 6 صوبائی ٹیموں کے کوچز کو دوسرے سیزن میں بھی ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ کیا ہے البتہ چند کوچز کی ٹیموں کے تبدیل ہونے کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق صوبائی ٹیموں کے کوچز کی پرفارمنس جانچنے کا عمل مکمل ہو گیا ہے جبکہ ہیڈ آف کوچ ایجوکیشن پی سی بی ہائی پرفارمنس سینٹر گرانٹ بریڈ برن نے کوچز کے پچھلے سیزن میں کارکردگی کا جائزہ لیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ سیزن میں ڈومیسٹک ٹی 20 اور ون ڈے ٹورنامنٹ کی چیمپئن خیبر پختونخوا کے کوچ ٹیسٹ آل راؤنڈر عبدالرزاق کا شاہد انور کی جگہ سینٹرل پنجاب کی ذمہ داریاں سنبھالنے کا امکان ہے جبکہ سدرن پنجاب کے کوچ عبدالرحمان کے خیبر پختونخوا کے کوچ بننے کی خبریں ہیں۔
اطلاعات کے مطابق قائداعظم ٹرافی میں گذشتہ سیزن میں صرف ایک میچ جیتنے والی سندھ کے کوچ باسط علی اور پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر کی ٹیم بلوچستان کے فیصل اقبال کے حوالے سے کئی شکایات موصول ہوئیں، یہاں تک کہ بلوچستان کے اسسٹنٹ کوچ وسیم حیدر نے فیصل اقبال کے ساتھ کام کرنے سے بھی انکار کردیا ہے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کوچز کی ٹیم ضرور تبدیل ہو سکتی ہے البتہ نئے کوچ لانے کا امکان نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پی سی بی کے 22-2021 کے سیزن میں 10 ٹورنامنٹس میں 266 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ ڈومیسٹک ٹی 20 ٹورنامنٹ 15 ستمبر کو شروع ہوگا جس کے پہلے راؤنڈ کے مقابلے ملتان اور فائنل راؤنڈ لاہور میں منعقد ہوگا۔
اس کے علاوہ ملک کاسب سے بڑا فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی اس بار 20 اکتوبر سے شروع ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں