اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ڈاکٹر اشفاق کو نیا چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) مقرر کیا ہے جبکہ 60 روز میں حلف نہ اٹھانے والے ارکان اسمبلی کی رکنیت منسوخ ہو جائے گی جس کا آرڈیننس جاری کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ترسیلات زرسےپاکستان کی معیشت بہتر ہوئی، انڈسٹری کو سستے نرخوں پر بجلی اور گیس مہیا کریں گے۔ مہنگائی میں مسلسل کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، 90لاکھ پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ ن لیگ اورپیپلزپارٹی منظم سازش سے اوورسیزپاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنا چاہتے ہیں، ن لیگ شفاف انتخابات کے انعقاد میں رکاوٹ ہے، پاکستان میں ہونیوالے تمام انتخابات پر دھاندلی کا الزام لگایا گیا۔
افغانستان کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ آج وسط ایشیا کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ ترکی اور چین کے ساتھ ہمارا قریبی رابطہ ہے، بھارتی میڈیا افغانستان کے امن عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا ہے، وہ افغانستان میں مداخلت سے باز رہے ہم افغانستان کے لیے مسلسل سیاسی حل کی بات کررہے تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے کابل سے 1500 لوگوں کو نکالا، پاکستان افغانستان سے لوگوں کے انخلا میں مدد کر رہا ہے، افغان مسئلے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ریجن کے فیصلے میں پاکستان کی مرضی شامل ہو گی، پاکستان خطے کا اہم ملک ہے، آجکل اچکزئی،محسن داوڑ جیسے کرائے کے ترجمان غائب ہو گئے ہیں، امریکی سیکرٹری خارجہ کا تین دفعہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے رابطہ ہوا ہے۔
کورونا وائرس سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا صورتحال بہتر نہ ہوئی تو انڈسٹریل آکسجین کی فراہمی بند کرنا پڑے گی۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کابینہ نے 60 دن میں حلف نہ لینے پر ممبر شپ منسوخ کرنے کا آرڈیننس جاری کیا ہے۔ جو لوگ 60 دن میں حلف نہیں تے ان کی ممبر شپ منسوخ ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں