امریکا کا صوبہ ننگرہار میں ڈرون حملہ، کابل ایئرپورٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ مارا گیا

واشنگٹن: امریکا نے افغانستان میں داعش کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے صوبہ ننگرہار میں ڈرون حملہ کر کے کابل ایئرپورٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ مار دیا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے تصدیق کر دی۔

خبرایجنسی کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈز نے کہا کہ ڈرون حملہ صوبہ ننگر ہار میں داعش کے ٹھکانوں پر کیا گیا، حملے میں داعش کے منصوبہ ساز کو ہلاک کر دیا گیا، حملے میں کسی شہری کی ہلاکت کی اطلاع نہیں۔
ادھر وائٹ ہاؤس نے طالبان حکومت کے فوری تسلیم کا امکان مسترد کر دیا۔ ترجمان جین ساکی کا کہنا تھا کہ امریکا اور اتحادیوں کو طالبان حکومت تسلیم کرنے کی کوئی جلدی نہیں، شہریوں کے انخلا کیلئے امریکا اپنےسابق دشمن سے قریبی رابطے میں ہے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے افغان عوام کیلئے امداد کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔ ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں امداد طالبان تک نہیں پہنچنے دیں گے، افغانستان میں فنڈز کا استعمال براہ راست امریکہ کے ہاتھ میں ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ بہت سے ممالک کابل ایئرپورٹ پر طالبان کے ساتھ کام جاری رکھنا چاہتے ہیں، طالبان چاہتے ہیں 31 اگست کے بعد ایئرپورٹ پر کام معمول کے مطابق ہو، طالبان نے اس سلسلے میں ہمیں بھی کہا ہے، افغانستان میں سفارتی موجودگی کیلئے اتحادیوں سے مشاورت کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں