آرمی چیف سے ڈائریکٹر سی آئی اے کی ملاقات، افغان صورتحال پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ڈائریکٹر سی آئی اے ولیم جوزف نے ملاقات کی جس کے دوران باہمی تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی کے حوالے سے بات چیت ہوئی، آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے تعاون جاری رکھے گا، افغانستان میں دیرپا امن کیلئے بھی ہر ممکن کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ ڈائریکٹر سی آئی اے ولیم جوزف نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکیوں کے کامیاب انخلا میں پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل فیض حمید بھی شریک تھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سی آئی اے چیف اس سے قبل افغانستان اور بھارت کا بھی دورہ کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یورپی یونین کی سفیر اندرولا کمینارا نے ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی بشمول افغانستان کی موجودہ صورتحال اور یورپی یونین کے ساتھ دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پرچیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم مشترکہ مفادات پر مبنی باہمی فائدہ مند کثیر الجہتی تعلقات کو بڑھانے کے لئے سنجیدہ ہیں۔

یورپی یونین کی سفیر نے افغانستان کی صورت حال بشمول کامیاب انخلاء آپریشن اور علاقائی استحکام کے لئے کوششیں کرنے پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں