پیمرا نے ‘سما ٹی وی’ کے شیئرز منتقل کرنے کی منظوری دے دی

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تین نجی ٹیلی ویژن چینلز کے شیئرز کی منتقلی اور انتظامیہ کی تبدیلی کی منظوری اور ٹھٹہ کے لیے ایف ایم ریڈیو لائسنس کی اجازت کی درخواست مسترد کرنے سمیت متعدد اہم فیصلے کیے۔

رپورٹ کے مطابق پیمرا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مذکورہ فیصلے چیئرمین محمد سلیم بیگ کے زیر صدارت پیمرا کے 165ویں اجلاس میں کیے گئے۔
اجلاس کے شرکا نے متفقہ طور پر میسرز جاگ براڈکاسٹنگ سسٹمز لمیٹڈ، کراچی کی انتظامیہ کی تبدیلی اور اس کے شیئرز کی منتقلی سے متعلق درخواست منظور کی۔

اجلاس میں میسرز الکمال میڈیا (پرائیویٹ) کے شیئرز کی منتقلی اور نئے ڈائریکٹر/ شیئرہولڈز کی شمولیت اور میسرز لکی براڈ کاسٹنگ (ایس ایم سی پرائیویٹ لمیٹڈ) کی انتظامیہ میں تبدیلی کی درخواست بھی منظور کرلی۔

سندھ ہائیکورٹ نے پیمرا کا لائسنس معطلی کا اختیار کالعدم قرار دے دیا

اجلاس میں اتھارٹی کی جانب سے یکم جولائی 2019 سے 17 فروری 2021 تک کے لیے جاری کردہ کیبل لائسنسز کی توثیق کی گئی۔
اتھارٹی نے ضروری دستاویزات کی عدم فراہمی کے باعث میسرز ایئرویوز میڈیا (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی ٹھٹہ کے لیے ایف ایم ریڈیو لائسنس جاری کرنے کی درخواست منسوخ کردی۔

اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات و نشریات شہیرا شاہد، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) محمد اشفاق احمد، چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) عامر عظیم باجوہ، سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر اور اتھارٹی کے وفاقی دارالحکومت اور چاروں صوبوں کے اراکین نے شرکت کی۔

دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) نے رپورٹ کیا کہ اجلاس کے دوران بلوچستان سے پیمرا کی رکن فرح عظیم شاہ نے ‘سما ٹی وی’ کی کرتا دھرتا میسرز جاگ براڈکاسٹنگ سسٹمز لمیٹڈ کی جانب سے دی گئی انتظامیہ کی تبدیلی اور شیئرز کی منتقلی کی درخواست منظور کرنے کے فیصلے کی مخالفت کی، کیونکہ پچھلی انتظامیہ کی طرف کروڑوں روپے واجب الادا ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں