لاہور:شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ساری اپوزیشن باہر ہے، کوئی زیر حراست ہے نہ کسی پر فورتھ شیڈول ہے، سعد رضوی سے بات چیت میں معاملہ پارلیمنٹ میں لانے کی بات کی، کس کی کس سے ڈیل ہوئی پتہ نہیں لیکن یہ جانتا ہوں عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بدنصیبی ہے چھوٹے لوگ بڑے گھروں میں چلے گئے، وزارتیں کوئی چیز نہیں، یہ معمولی نوکری ہے، میری پندرہویں وزارت ہے، عمران خان کیساتھ کھڑا ہوں، کھڑا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کیساتھ جس معاہدے پر دستخط کیے اس پر قائم ہوں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بھی ریسکیو 1122 سروسز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اسلام آباد کیلئے 20 نئی گاڑیاں ریسکیو 1122 کو دیں گے، ریسکیو 1122 کیساتھ اسلام آباد کیلئے ایم او یو کرنے جا رہے ہیں، اسلام آباد میں 1122 ریسکیو سروس جلد شروع کی جائے گی، ریسکیو سروس نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے، 1122 نے ہنگامی صورتحال میں ہمیشہ بہترین کام کیا ہے۔