ویمنز ورلڈ کپ: آسٹریلیا کی جنوبی افریقہ کو شکست، سیمی فائنل میں جگہ بنالی

ویلنگٹن: آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2022 میں آسٹریلیا کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں کوالیفائی کرلیا ہے۔

ویلنگٹن میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے میچ میں آسٹریلیا نے جیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اس مرتبہ جنوبی افریقہ کو 5 وکٹوں سے شکست دی ہے۔
آسٹریلوی ویمنز ٹیم کی اس ایونٹ میں مسلسل یہ چھٹی جیت ہے جبکہ انہوں نے ایونٹ میں بغیر کوئی میچ ہارے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرلیا ہے۔

جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اس میچ میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے، آسٹریلوی ٹیم نے ہدف 45.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اس میچ میں آسٹریلوی کپتان میگ لیننگ نے 135 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر ناٹ آؤٹ رہی جبکہ انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ایونٹ میں اب تک 5 میچز کھیلے ہیں جس میں انہیں 4 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ آسٹریلیا کے ہاتھوں انہیں ایونٹ میں پہلی شکست ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 6 میچز جیت کر سر فہرست ہے جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کا دوسرا نمبر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں