سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے ڈپٹی سپیکر سے تمام اختیارات واپس لے لیے

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے ڈپٹی سپیکر دوست مزاری کو تفویض کردہ تمام اختیارات واپس لے لیے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے 16 اپریل کو اجلاس طلب کرنے کے معاملے پر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کی جانب سے طلب کردہ اجلاس کے احکامات کو غیر موثر قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اجلاس بلانے کے اقدامات غیر قانونی ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے ترجمان کے مطابق اجلاس سولہ اپریل کو ہی ہو گا، چودھری پرویز الہی نے ڈپٹی سپیکر کو تفویض کردہ تمام اختیارات واپس لے لیے، ڈپٹی سپیکر کے احکامات کا کوئی ڈائری نمبر یا ریکارڈ نہیں۔

پنجاب اسمبلی لابی میں توڑ پھوڑ کا معاملہ، پرویز الٰہی کا لابی کا دورہ، نقصان کا جائزہ

اپوزیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی لابی میں مبینہ توڑ پھوڑ کا معاملہ، اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے لابی کا دورہ کیا اور نقصان کا جائزہ لیا۔

اسپیکر پرویز الہی نے لابی اور مختلف حصوں کے نقصان کا جلد از جلد تخمینہ لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نقصان کا تخمینہ لگا کر جلد از جلد مرمت کا کام شروع کیا جائے۔

تحریک انصاف اپنے ہی ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لے آئی

تحریک انصاف نے اپنے ہی ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی۔

پنجاب میں نیا بحران ابھرنے لگا، تحریک انصاف ڈپٹی سپیکر سردار دوست مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد لے آئی، ڈپٹی سپیکر کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی، وزیر اعظم سے تحریک انصاف کی قیادت نے منظوری حاصل کر لی ۔ تحریک عدم اعتماد میاں محمود الرشید اور دیگر ارکان اسمبلی کے دستخطوں سے جمع کروائی گئی ہے۔

ترجمان مسلم لیگ ق کا کہنا تھا کہ ڈپٹی سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع ہونے کے بعد سردار دوست مزاری اسمبلی اجلاس بلانے کے اہل نہیں رہے۔

ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں آئینی بحران پیدا ہو گیا عدلیہ کو چاہیے نوٹس لے۔ بہت سارے ممبران پر پیسے لینے کا الزام لگایا گیا، میں محبت وطن ہوں، یہ ملک میرا ہے، جو بھی ہوں اس ملک کی وجہ سے ہوں، اسی دھرتی کا بیٹا ہوں۔ میرا یہیں مرنا اور جینا ہے، کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینےکی ضرورت نہیں۔

اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے متعلق غیر یقینی صورتحال درپیش تھی کہ آج اجلاس ہو گا یا نہیں۔ سردار دوست مزاری کا اصرار تھا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج 6 اپریل کو ہی ہو گا جبکہ ترجمان اسمبلی کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل کو ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں