وزیراعظم شہباز شریف کا اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کی تاخیر پر انکوائری کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کا دورہ کیا، انہوں نے چار سال سے التوا کا شکار منصوبے کا جائزہ لیا اور تاخیر پر انکوائری کا حکم بھی دے دیا۔

وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہبازشریف کے دورے جاری ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میٹروبس منصوبے کا دورہ کیا۔ شہباز شریف کو منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر منصوبے کے لیے 15 بسیں مہیا کی جا رہی ہیں، ہفتہ کے روز سے بسیں چلائی جائیں گی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔ سولہ ارب روپے خرچ ہونے کے باوجود منصوبے کے التوا کا شکار ہونا قابل افسوس ہے، تاخیر کی فوری انکوائری کی جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ موٹروے پر اسلام آباد میٹرو کا ایک اسٹیشن ہونا چاہیے، مسافروں کو میٹروبس میں سامان رکھنے کی سہولت بھی مہیا کی جائے۔ شہباز شریف نے میٹرو بس میں سفر کیا اور روٹ کا جائزہ بھی لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں