بلقیس ایدھی انتقال کرگئیں، وزیراعظم، بلاول و دیگر کا اظہار افسوس

بابائے انسانیت عبدالستار ایدھی مرحوم کی اہلیہ بلقیس ایدھی 74 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں، وزیراعظم شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ، پنجاب نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بلقیس ایدھی گزشتہ 6 روز سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں معروف سماجی رہنما شدید علالت کے بعد خالق حقیقی سے جاملیں۔

بلقیس ایدھی کو عارضہ قلب لاحق تھا، بلقیس ایدھی کو بلند فشار خون اور ذیابطیس کا مرض بھی لاحق تھا، رمضان سے دو دن قبل بلقیس ایدھی کو دل کا دورہ پڑا تھا۔

بلقیس ایدھی معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی مرحوم کی اہلیہ تھیں اور عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد وہ ایدھی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن بنی تھیں۔

فیصل ایدھی کے مطابق بلقیس ایدھی کی نماز جنازہ کا اعلان کچھ دیر بعد کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس

وزیر اعظم شہباز شریف نے بلقیس ایدھی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہ مرحومہ نے مرحوم عبدالستار ایدھی کے انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھا۔

انہوں نے بلقیس ایدھی کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات بلند کرنے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی۔

بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی سماجی کارکن بلقیس ایدھی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ پاکستانی سماج کا ایک مثبت چہرہ تھیں، خدا ان کے درجات کو بلند کرے، بے سہارا یتیم بچوں کی پرورش سے لے کر بے گھر لڑکیوں کی شادیوں تک بلقیس ایدھی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، بلقیس ایدھی نے جھولا پراجیکٹ کے ذریعے ہزاروں انسانی زندگیوں کو بچایا، نصف صدی سے انسانیت کی خدمت کے مشن پر گامزن بلقیس ایدھی کا کردار ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بلقیس ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے سماجی خدمات کو سراہا اور مرحومہ کی ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی معروف سماجی شخصیت بلقیس ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کرتے ہوئے مرحومہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے بلقیس ایدھی کی سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ انسانیت کے لئے فخر تھیں، بلقیس ایدھی کی سماجی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں، وہ ہمیشہ دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہیں، مرحومہ نے اپنے شوہر عبدالستار ایدھی کے مشن کو آگے بڑھایا، ان کے انتقال سے ایک عہد ختم ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے معروف سماجی کارکن بلقیس ایدھی کے انتقال پر سوگوار خاندان سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالٰی مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے، اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، سماجی خدمات کے شعبے میں بلقیس ایدھی کا نام عرصہ دراز تک یاد رکھا جائے گا، بلقیس ایدھی نے اپنی زندگی دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے وقف کر رکھی تھی، دکھی انسانیت کی بے لوث خدمات کے لئے بلقیس ایدھی کے کاموں کی پوری دنیا معترف ہے، بلقیس ایدھی جیسی شخصیات قوم کے اصل ہیرو ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں