ارکان اسمبلی کے پاس اسلحہ موجود، پرویز الہٰی نے جھگڑا کرایا: عطا تارڑ

پاکستا ن مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر پر حملے کے بعد پولیس بلائی گئی، کچھ ارکان اسمبلی کے پاس اسلحہ بھی موجود ہے، پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی میں جھگڑا کرایا۔

پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پرویزالہٰی نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی، عدالت نے کہا تھا صرف وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن ہوگا، ڈپٹی اسپیکر پر حملے کے بعد فورس بلائی گئی، محمد خان بھٹی نے درجنوں کے حساب سے افراد کو ایوان کے اندر داخل کرایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گجرات کی بدمعاشی، بدعنوانی کی سیاست قابل مذمت ہے، آج پنجاب کے لیے سیاہ ترین دن ہے، پرویزالہیٰ نے آج ایوان، آئین پاکستان کا تقدس پامال کیا، عینی شاہد ہوں ایوان میں جو لوگ داخل کیے گئے ان کے پاس اسلحہ موجود ہے، گجرات، منڈی بہاؤالدین سے لوگوں کو ایوان کے اندر بلایا گیا، مجھے خدشہ ہے یہ کسی شخص کی جان لیں گے، ہم پر امن رہیں گے، خدارا ہائی کورٹ نوٹس لے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ ماضی میں ایوان میں ڈپٹی اسپیکر کو قتل کرنے کے بعد مارشل لا لگا تھا، امن وامان قائم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے، پرویزالہیٰ کا عمل توہین عدالت ہے، ہمیں پرویز الہیٰ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کا بھی سوچنا پڑے گا، ہمیں کل سے ان کے منصوبے کی اطلاع تھی، پرائیویٹ افراد کا اندرجانا، ڈپٹی اسپیکر ہمارے اراکین اسمبلی آخر تک پرامن رہیں گے، ہار، جیت ہوتی ہے، الیکشن وقت پر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویزالہیٰ نے ہائی کورٹ کے آرڈر کی خلاف ورزی کی، عدالت نے کہا تھا کوئی اور کام نہیں ہوگا صرف وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن ہوگا، پرویزالہیٰ وکٹیں اکھاڑ کر اسٹیڈیم کو آگ لگانا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں