ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اپنے عہدے سے مستعفی

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

قومی اسمبلی میں آج ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی تھی تاہم اس سے قبل ہی انہوں نے اپنا استعفیٰ سیکرٹری قومی اسمبلی کو بھجوادیا ہے۔

قاسم سوری نے بھی ٹوئٹر پر اپنے استعفے کی تصدیق کی ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں قاسم خان سوری نے کہا کہ قومی اسمبلی سے استعفیٰ میری پارٹی کے وژن، اس کی شاندار وراثت اور جمہوریت کے ساتھ اس کی وابستگی کی علامت ہے۔

قاسم خان سوری نے مزید کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے ملکی مفادات اور آزادی کے لیے لڑیں گے اور ملک کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ قاسم سوری کےا استعفیٰ کے بعد اب تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اجلاس کے دوران نو منتخب اسپیکر منتخب ہونے کے بعد قاسم سوری کے استعفے کی منظوری کا فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ اسپیکر اسد قیصر کے استعفے کے بعد قاسم سوری نے قائم مقام اسپیکر کا عہدہ سنبھالا تھا۔

قاسم سوری ہی نے تحریک انصاف کے 123 ارکان کے استعفے منظور کئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں