سعودی عرب، 19 رمضان المبارک تک دوسرے عمرے کی اجازت ہوگی

سعودی عرب کی حکومت نے 19 رمضان المبارک تک زائرین کو دوسرے عمرے کی اجازت دے دی۔

سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ 19 رمضان المبارک تک دوسرا عمرہ کیا جا سکتا ہے، اس کی اجازت ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے بیان میں کہا ہے کہ عمرہ زائرین 19 رمضان المبارک تک نیا عمرہ کر سکتے ہیں کیونکہ نظام میں اس کی گنجائش موجود ہے۔

سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے کہا کہ اتوار کے روز سے بدھ کے روز تک، رات 10 بجے سے سہ پہر 4 بجے کے درمیان دوسرے عمرے کے لیے بکنگ کرائی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں میں رمضان المبارک کے دوران ایک عمرے کے بعد دوسرے عمرے کی ادائیگی کی اجازت کے حوالے سے تشویش پائی جا رہی تھی جس پر وزارتِ حج و عمرہ نے یہ اعلان کیا ہے۔

اس سے قبل وزارتِ حج و عمرہ نے ٹوئٹر پر عمرہ پرمٹ کے حوالے سے موصول ہونے والے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے بتایا تھا کہ پرمٹ کے مقررہ وقت میں تاخیر ہونے پر نیا پرمٹ جاری کرانے کے لیے انتظار کریں، جب وقت ختم ہو جائے تو دوسرے پرمٹ کی بکنگ کی جا سکتی ہے۔

عمرہ پرمٹ میں وقت تبدیل کرنے کی گنجائش نہیں البتہ عمرہ پرمٹ کا وقت شروع ہونے سے قبل اسے منسوخ کرانے کے بعد دوسرا پرمٹ جاری کرایا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں