ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرادی گئی

قومی اسمبلی کے 20ویں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرادی گئی ہے۔

اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لئے صرف ایک امیدوار زاہد اکرم درانی نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق زاہد اکرم درانی کے کاغذاتِ نامزدگی میں تجویز کنندہ اور تائید کنندہ مولانا اسعد محمود، صلاح الدین ایوبی اور مرتضی جاوید عباسی ہیں.

خیال رہے کہ زاہد اکرم درانی کا تعلق جمعیت علمائے اسلام ف سے ہے۔

واضح رہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے کا وقت آج دن بارہ بجے تک کا تھا جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل ہونے ولے اجلاس میں ہوگا۔

یاد رہے کہ سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے گزشتہ ہفتے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا کہ جب حکومتی کیجانب سے ان کے خلاف قومی اسمبلی کے اجلاس میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جانی تھی۔

بعدازاں گزشتہ ہفتے نئی حکومت کے قیام کے بعد پہلی بار قومی اسمبلی کا اجلاس ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا جس میں نئے اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب کیا گیا۔

اس اجلاس کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف بلا مقابلہ قومی اسمبلی کے اسپیکر نامزد ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے حلف اٹھایا اور فوری طور پر بحیثیت اسپیکر اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے اجلاس کی کارروائی کو آگے بڑھایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں