نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کے معاملے پر وزیراعظم ہاؤس سے سمری ایوان صدر کو موصول ہوگئی، جس کی تصدیق ایوان صدر سیکرٹریٹ نے کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔ ادھر حلف کیلئے ہنگامی اقدامات کرلئے گئے، گورنر ہاؤس میں تیاریاں بھی مکمل ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے بھیجی گئی سمری میں لاہور ہائی کورٹ کے حکم کاحوالہ دیا گیا ہے۔
ایوان صدر سیکرٹریٹ کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے متعلق سمری کا جائزہ لے رہے ہیں، صدر مملکت آئین وقانو ن کے مطابق سمری پر فیصلہ کریں گے، لاہور ہائی کورٹ نے صدر مملکت کو وزیراعلیٰ سے حلف لینے کے لئے نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم کی شرکت بھی متوقع ہے، وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا پہلا دورہ لاہور ہوگا جس کے لئے متعلقہ اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
حمزہ شہباز کے حلف کیلئے ہنگامی اقدامات، گورنر ہاؤس میں تیاریاں مکمل
ہائیکورٹ کے حکم پر نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے حلف کیلئے ہنگامی اقدامات، گورنر ہاؤس میں تیاریاں مکمل کرلی گئیں، حلف برداری تقریب میں تاخیر ، چیئرمین سینیٹ کو ایوان صدر سے ایڈوائس جاری ہونے کا امکان ہے۔ ادھر گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی طبیعت ناساز ہے اور ان کا سروسز ہسپتال میں طبی معائنہ، مختلف ٹیسٹ کئے گئے۔
گورنر ہاؤس میں حلف کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ایوان صدر سے کسی وقت بھی حلف کے لیے چیئرمین سینیٹ کی ایڈوائس جاری ہوسکتی ہے۔
ایوان صدر اور وزیراعظم ہاؤس میں خط و کتابت ہوئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ایوان صدر کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس کو مراسلہ لکھا گیا جس میں کہا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ موصول ہوا، اس پر ایڈوائس کی جائے۔ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے حمزہ شہباز سے حلف لیے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے صدر مملکت کو نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے کیلئے کوئی اور نمائندہ مقرر کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب حلف لینے سے انکار نہیں کرسکتے، صدر پاکسان کسی اور کو حلف لینے کے لئے نامزد کریں، صدر پاکستان کو عدالتی فیصلے کی کاپی بھجوائی جائے۔