شہر قائد سے لاپتہ ہونے والی لڑکیوں دعا زہرہ اور نمرہ کا سراغ مل گیا، دونوں نے لاہور اور ڈی جی خان میں نکاح کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاپتہ دعا زہرہ کو دس روز بعد لاہور سے ٹریس کرلیا گیا ہے اور اس حوالے سے کراچی پولیس کو بھی آگاہ کر دیا گیا، جبکہ لڑکی کو جلد والدین کے حوالے کرنے کا امکان ہے۔
نکاح نامہ دنیا نیوز نے حاصل کرلیا
پولیس ذرائع کے مطابق دعا زہرہ نے لاہور میں نکاح کرلیا جس کا نکاح نامہ دنیا نیوز نے حاصل کر لیا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق دعا زہرہ نے 17 اپریل کو نکاح لاہور میں کیا، نکاح نامے میں اپنی عمر 18 سال لکھوائی ہے، 50 ہزار روپے حق مہر کی رقم لکھوائی گئی ہے، شادی شیر شاہ لاہور کے ظہیر نامی لڑکے سے کی، کراچی پولیس لڑکی کا بیان لے گی، پھر مزید چیزیں واضح ہو سکیں گی۔
یاد رہے کہ 10 روز قبل کراچی کے علاقے الفلاح سے 14 سالہ لڑکی دعا زہرہ لاپتہ ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے اس کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے تھے تاہم پولیس اب تک دعا زہرہ کو تلاش کرنے میں ناکام رہی تھی۔
لڑکی کا ویڈیو کلپ آنا ضروری ہے:شہلا رضا
صوبائی وزیر شہلا رضا دعا زہرہ کے گھر پہنچیں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ بچی جلد بازیاب ہو جائے، جب تک لڑکی کا ویڈیو کلپ نہیں آتا سندھ پولیس اعلان نہیں کریگی، آئی جی نے کہا ہے لڑکی کا ویڈیو کلپ آنا ضروی ہے، لڑکی کا ب فارم دیکھا ہے،عمر 13، 14 سال ہے، دعا کی فیملی تفتیش سے مطمئن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری دعا ہے کہ بچی جلد بازیاب ہوجائے، دعا کی فیملی تفتیش سے مطمئن ہے، 18سال کی بچی کا نکاح قانون کے مطابق غیر قانونی ہے، نکاح کے معاملے کو بھی دیکھا جائے گا، ہر گھر کے باہر تو پولیس کھڑی نہیں کر سکتے، والدین کو اپنے بچوں پر نظر رکھنی ہوگی۔
سعود آباد سے لاپتہ نمرہ نے بھی نکاح کر لیا
دوسری جانب کراچی کے علاقے سعود آباد سے لاپتہ نمرہ نے بھی نکاح کرلیا۔ تفتیشی حکام کے مطابق 14 سالہ طالبہ نے ڈیرہ غازی خان میں نکاح کیا۔
ذرائع کے مطابق نمرہ اس وقت ڈیرہ غازی خان میں ہے، نمرہ کا سراغ اس کے موبائل فون کےسی ڈی آر کی مدد سے ملا، ڈیرہ غازی خان کے رہائشی شاہ رخ نے دو ماہ قبل نمرہ کو موبائل ایپ سے پیسے بھیجے، شاہ رخ دو ماہ پہلے کراچی میں نمرہ سےملنے بھی آیا تھا، نمرہ کا نجیب شاہ رخ سے نکاح ہوا۔
سولجر بازار سے 25 سالہ دینا گمشدہ
ادھر سولجر بازار سے 25 سالہ دینا گمشدہ ہوگئی، اہلخانہ نے تھانے میں درخواست جمع کرا دی، 22 اپریل کو گھر سے ٹیوشن پڑھانے نکلی اور واپس نہ آئی۔