پی ٹی آئی کا ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج

پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا ہے۔

اسلام آباد میں احتجاج

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی ریلی نے نادرا چوک پر کنٹنیرز کے باعث احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کرلی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے خلاف جلد فیصلہ کرے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی غیر ملکی فنڈنگ کیس کے خلاف پی ٹی آئی درخواست پر بھی جلد فیصلہ کرے۔

70 سال سے ہارس ٹریڈنگ جاری ہے

کراچی میں صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر تحریک انصاف کے احتجاج میں ارکان صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔
تحریک انصاف کے رکن اسمبلی فردوس شمیم نے کہا کہ ملک میں 70 سے سے ہارس ٹریڈنگ ہورہی ہے لیکن آج تک کسی کو سزا نہیں دی گئی۔

اس موقع پر سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا کہ الیکشن کمیشن سلیکشن اور کرپشن کمیشن نہ بنے، الیکشن کمیشن کو نیوٹرل ہونا چاہیے، آج تو یہ صرف ایک ٹوکن مظاہرہ ہے، پاکستانی قوم انہیں گریبان سے پکڑ کر باہر نکالے گی۔

لاہور میں احتجاج

تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید کی سربرایی میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔
میاں محمود الرشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن جانب دار ہو گیا ہے، الیکشن کمیشن اپنے آپ کو ٹھیک کرے، اگر الیکشن کمیشن نے اپنا رویہ ٹھیک نہ کیا تو روز یہاں پر احتجاج کریں گے۔

پشاور میں مظاہرین اور پولیس آمنے سامنے

پشاور میں پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرے میں اراکین خیبر پختونخوا اسمبلی بھی شریک ہوئے، احتجاجی مظاہرے کے باعث شامی روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
احتجاج کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس اور کارکنان کے درمیان دھکم پیل ہوگئی۔

سیالکوٹ؛ ’چیف الیکشن کمیشن استعفیٰ دیں ‘

سیالکوٹ میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا۔
کارکنوں کی جانب سے امریکا کا جو یار ہے غدار ہے اور امپورٹڈ حکومت نا منظور کے نعرے لگائے گئے۔

ملتان میں یک طرفہ فیصلے نہ منظور کے نعرے

ملتان میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں ضلعی صدر چوہدری خالد جاوید وڑائچ اور ایم پی اے سبین گل نے بھی شرکت کی۔

احتجاج کے دوران مظاہرین نے یکطرفہ رویہ اور یکطرفہ فیصلے نامنظور اور امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں