وزیراعظم کا پاور سیکٹر میں ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات پر زور

وزیراعظم شہباز شریف نے پاور سیکٹر میں ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات پر زور دیا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیرِ پاور ڈویژن خرم دستگیر کی ملاقات ہوئی ہے جس میں وزیرِ اعظم کو پاور سیکٹر کی اصلاحات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے۔
اس دوران وزیرِ اعظم کی ہدایت کے مطابق یکم مئی سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے حوالے سے اٹھائے جا رہے اقدامات پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے پاور سیکٹر میں ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات بالخصوص بند رہ جانے والے بجلی گھروں کو بھی جلد از جلد بحال کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت جاری کی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نے 30 اپریل تک تمام مسائل کا سد باب کرکے یکم مئی سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے کی ہدایات جاری کر دیں ہیں۔

اس دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو گرمیوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مشکلات میں مبتلا نہیں کر سکتے ہیں اور ساتھ ہی ہدایت دی کہ ایندھن کے مربوط اور مستقل نظام کی تشکیل اور گرمیوں میں آئندہ ماہ کی پیشگی منصوبہ بندی کی جائے۔

فصلوں کی کٹائی کے دوران ڈیزل کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی شکایت پر وزیرِ اعظم نے نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کی نشاندہی کریں، فوری اور سخت کارروائی کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں