تحریک انصاف کے صوبائی ارکان اسمبلی نے حمزہ شہباز کے حلف سے متعلق فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل لاہور ہائیکورٹ میں دائر کر دی۔
تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سبطین خان اور راجہ بشارت سمیت 17 ارکان اسمبلی نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے اور اپیل کے ذریعے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر اپیل میں حمزہ شہباز، وزیراعظم اور صدر کو فریق بنایا گیا ہے۔
اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ آئین اور قانون کے برعکس ہے، ہائیکورٹ کے حلف کیلئے وقت مقرر کرنا صدر اور گورنر کی عہدے کی توہین ہے۔ اپیل میں نکتہ اٹھایا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے پاس صدر اور گورنر کو احکامات دینے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
اپیل میں نشاندہی کی گئی کہ آئین کا آرٹیکل 248 صدر اور گورنر کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے حمزہ شہباز کے حلف برداری کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔