حمزہ شہباز کچھ دیر بعد وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھائیں گے، مہمانوں کی آمد

نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کچھ دیر بعد عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس میں ہو گی جس کے لیے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف بھی نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف لینے کے لیے لاہور پہنچ چکے ہیں۔

گورنر ہاؤس میں تقریب حلف برداری کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو گورنر ہاؤس جانے کی اجازت نہیں ہے۔

دوسری جانب گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کا استعفی آئینی اعتراض لگا کر مسترد کر دیا۔ گورنر نے عثمان بزدار کا استعفی مسترد کر کے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو خط لکھ دیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی کو گورنر کا فیصلے پر مبنی خط موصول ہوگیا۔

گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار کا استعفی آئین کے آرٹیکل 130 کے سب سیکشن آٹھ کے تقاضے پورے نہیں کرتا، عثمان بزدار نے استعفی گورنر کے نام دیا ہی نہیں، عثمان بزدار نے استعفی وزیراعظم کے نام دیا جو آئینی طور پر غلط ہے۔ گورنر پنجاب نے اسپیکر کو عثمان بزدار کی قائد ایوان کی حیثیت کے لئے آئینی اقدامات کا مراسلہ جاری کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ گورنر کی جانب سے استعفی مسترد کرنے کے بعد عثمان بزدار وزارت اعلی کے منصب پر بحال ہوگئے، وزیر اعلی کا استعفی مسترد ہونے کے بعد پنجاب کابینہ بھی بحال ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں