حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کے سفر میں شیر علی کی رہنمائی سے آگے بڑھوں گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما چوہدری شیر علی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں شیر علی نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
ملاقات میں چوہدری شیرعلی نے حمزہ شہباز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ آپ ہمارے بزرگ ہیں، عوامی خدمت کے سفر میں آپ کی رہنمائی سے آگے بڑھوں گا، فیصل آباد کے دورے میں سب سے پہلے آپ سے ملنے آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے، پارٹی کو مل کر مزید مضبوط بنائیں گے۔
ملاقات میں حمزہ شہباز نے عابد شیر علی کی پارٹی کے لئے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر اراکین اسمبلی طاہر جمیل، ماجد ظہور، مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء تارڑ اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے فیصل آباد میں چوہدری شیر علی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شیرعلی پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو سنگین مسائل کا سامنا ہے، چار سال میں ملک کا بیڑا غرق کیا گیا، نیا پاکستان نہیں پرانا پاکستان میں بہتری کریں گے، اتحادیوں کیساتھ ملک کر مسائل کا مقابلہ کریں گے۔
حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے چاہا تو ملک کو بحرانوں سے نکال لیں گے، عمران خان نے خودکش جیکٹ پہن رکھی ہے، ہم سیاسی میدان میں عمران خان کا مقابلہ کریں گے، ہم انتقام کی سیاست نہیں کریں گے۔