اسلام آباد ہائیکورٹ نے حنیف عباسی کی تقرری پر وزیراعظم کو نظر ثانی کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی حنیف عباسی کی تقرری کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جلسوں میں جس طرح عدالتوں پر الزام تراشی کی جاتی ہے وہ افسوسناک ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیخ رشید سے استفسار کیا کہ کیا آپ اور آپ کی اتحادی جماعت پی ٹی آئی کا اسلام آباد ہائیکورٹ پر اعتماد ہے ؟ انصاف ہونا بھی چاہیے اور نظر بھی آنا چاہیے، اگر آپ کو عدالتوں پر اعتماد نہیں تو ہم کیس کسی دوسری عدالت بھیج دیتے ہیں، آپ چیئرمین تحریک انصاف سے بھی پوچھ لیں اگر انہیں اعتماد نہیں تو ہم نہیں سنتے، عوامی جلسوں میں روز کہا جاتا ہے کہ عدالتیں رات کو کیوں کھلی ؟ کل تک کا وقت دیتے ہیں سوچ لیں عدالت پر اعتماد ہے یا نہیں۔ جس پر شیخ رشید نے کہا کہ میں سوچ سمجھ کر آیا ہوں اور عدالت پر مکمل اعتماد ہے۔