بنی گالہ والا کرپشن چھپانے کیلئے عوام کے کپڑے پھاڑ رہا ہے: رانا ثناء اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنی گالہ والا اقتدار اور کرپشن چھپانے کے لئے پاکستان اور عوام کے کپڑے پھاڑ رہا ہے۔

ایبٹ آباد میں تحریک انصاف کے جلسے میں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر رانا ثناء اللہ نے لکھا کہ شانگلہ اور بنی گالہ والے میں فرق یہ ہے ایک عوام سے مانگ رہا ہے، دوسراعوام کو دے رہا ہے، شہباز شریف کے کپڑوں سے پاکستان کے لئے محنت کے پسینے کی خوشبو آ رہی ہے، ایک جمہوری ووٹ سلیکشن کے 176 ووٹ پر بھاری ہوتا ہے۔ شانگلہ والا خادم پاکستان اور بنی گالہ والا سیاسی شیطان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے اور بڑے شیطان بھگانے کے لئے چاروں قُل اور آیت الکرسی کا حصار کھینچ دیا ہے، وظیفہ تیز ہوگا تو شیطانوں کی چیخوں میں اوراضافہ ہوگا، شانگلہ والا عوام کے آٹے کے لئے اپنے کپڑے بھی بیچنے کو تیار ہے، بنی گالہ والے نے 4 سال میں مہنگائی اور کرپشن سے عوام کے کپڑے اتارنے کی کوشش کی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بنی گالہ والے نے عوام کا آٹا، چینی، گھی، دوائی چوری کیا، سرکاری گھڑی، ہار، انگوٹھیاں اور کار بھی گھرلے گیا، بنی گالہ والا اقتدار اور کرپشن چھپانے کے لئے پاکستان اور عوام کے کپڑے پھاڑ رہا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شانگلہ والا 4 سال کے منصوبے 4 دن میں چلاتا ہے، بنی گالہ والا بی آر ٹی پشاور 2017ء میں شروع کرتا ہے جو 6 سال بعد 2022ء میں بھی نامکمل رہتی ہے، شانگلہ والا دن رات عوام کے لئے کام کر رہا ہے، بنی گالہ والا دن رات جھوٹ بول کر انتشار پھیلا رہا ہے، کل ایک جھوٹے شخص نے بنی گالہ سے بیرون ملک پاکستانیوں کو گدھا کہا اورپھر پیسے بھی مانگ لئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں