کراچی میں بم دھماکہ، وزیراعظم کا اظہار افسوس

کراچی کے علاقے صدر میں گزشتہ شب بم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 13 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی اور کمشنر کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کے علاقے صدر میں بم دھماکے میں ایک شخص کے جاں بحق اور تیرہ افراد کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے ایک بیان میں سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے امن دشمن عناصر کا خاتمہ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کراچی دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاقی حکومت واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے صوبائی حکومت سے مکمل تعاون کرے گی۔
واقعے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکہ صدرکے مصروف ترین علاقے میں واقع یونائیٹڈ بیکری کے نزدیک پاکستان کوسٹ گارڈ کی گاڑی کے پاس ہوا.

پولیس اورامدادی کارکنان نے جائے وقوعہ پرامدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں، سی ٹی ڈی کی ٹیم بھی دھماکے کی تحقیقات کے لیے جائے وقوعہ پرموجود ہے۔
دھماکے سے کئی گاڑیاں اورموٹرسائیکلیں تباہ جب کہ متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں