پارٹی رہنماؤں کی گرفتاری، شفقت محمود کی حکومت کو وارننگ

سیالکوٹ میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری پر تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود نے حکومت پنجاب کو وارننگ جاری کر دی۔

شفقت محمود نے کہا کہ سیالکوٹ میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، گرفتاریوں سے پی ٹی آئی سیالکوٹ کے جلسے کو نہیں روکا جا سکتا۔
رہنما پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا حکومت کو وارننگ دیتے ہیں کہ ہمارےگرفتار رہنماؤں کو فوری رہا کیا جائے۔

صدر پی ٹی آئی پنجاب نے مزید کہا کہ حکومت جلسے میں رکاوٹیں ڈالنے اور انتظامات کو نقصان پہنچانے سے باز رہے، پی ٹی آئی سیالکوٹ میں جلسہ ضرور کرے گی اور عمران خان سیالکوٹ کے عوام سے خطاب بھی کریں گے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود سیالکوٹ کے سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں جاری تھیں کہ اسی دوران پولیس نے جلسہ گاہ پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں