بلوچستان کے جنگلات میں آتشزدگی، وفاق، پاک فوج اور ایف سی آگ بجھانے میں مصروف

بلوچستان میں شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لئے وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی حکومت سمیت پاک فوج اور ایف سی کی ممکنہ امداد جاری ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان حکومت کو ہدایت کی ہے کہ ضلع شیرانی میں دیودار کے درختوں کو لگنے والی آگ بجھانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، یہ آگ سات کلومیٹر کے دائرے میں پھیل چکی ہے۔

علاقے میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نے اس میں تین افراد کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متعلقہ محکموں کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داری کا تعین کرنے کی ہدایت بھی کی۔

دوسری جانب وفاقی حکومت بلوچستان حکومت کو صوبے کے دو اضلاع میں لگی آگ بجھانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔
ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پاک فوج اور ایف سی آگ پر قابو پانے کے لیے مدد فراہم کر رہے ہیں جب کہ پاکستان رینجرز بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور این ڈی ایم اے نے بلوچستان حکومت کو آگ بجھانے کا ضروری سامان فراہم کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشوار گزار پہاڑی علاقے کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں