پاک بھارت آبی تنازعات پر مذاکرات آج سے نئی دہلی میں شروع ہوں گے

پاک بھارت آبی تنازعات پر مذاکرات آج سے نئی دہلی میں شروع ہوں گے ، مذاکرات میں بھارت سے آنیوالے دریاؤں میں سیلاب کی پیشگی اطلاع پر بات ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازعات پر دو روزہ مذاکرات کا آغاز آج سے نئی دہلی میں ہورہا ہے ،انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد واہگہ کے راستے بھارت پہنچ گیا ہے۔

وفد میں ڈی جی محکمہ موسمیات ، محکمہ آبپاشی، نیسپاک اور وزارت خارجہ کا نمائندہ بھی شامل ہیں۔
واہگہ کے راستے روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ کا کہنا تھا کہ آبی تنازعہ پر مذاکرات کا دو نکاتی ایجنڈا ہے، بھارت سے آنیوالے سیلابی پانی سے متعلق معلومات کی پیشگی فراہمی پر بات ہوگی اور انڈس واٹر کمشنرز کی سالانہ رپورٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔

انھوں نے بتایا کہ مارچ میں پاک بھارت انڈس واٹر کمشنرز کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا تھا، اب یہ 118 واں اجلاس جو نئی دہلی میں ہو رہا ہے۔
مہر علی شاہ نے کہا تھا کہ بھارت کی جانب سےدریائے چناب پرڈیموں کی تعمیر پر خصوصی طور پر بات ہوگی، دریائے سندھ پر چھوٹے منصوبے ہیں، جبکہ دریائے چناب پر انڈیا کے تین بڑے پراجیکٹ ہیں جن پر پاکستان کو اعتراض ہیں، ان میں سے ایک پاکل دل، رتے ہائے، اور کیرو ہائیڈور پاور منصوبے شامل ہیں، کیرو پرکام شروع کیا ہے۔

انڈس واٹر کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اعتراض پر بھارت نے رپورٹ پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، وفد صرف اجلاس کے لیے جارہا ہے، معائنہ کے لیے الگ وزٹ ہوں گے جس کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں