پاکستان ترکی کے ساتھ تجارتی حجم 5 بلین ڈالر تک لے جانے کا خواہشمند

انقرہ: وزیراعظم شہباز شریف نے ترکی کے ساتھ دوطرفہ تجارتی حجم 5 بلین ڈالر تک لے جانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور عوام کےدرمیان رابطوں کو فروغ دیا جاسکے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دورہ ترکی کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ رات ترک تاجربرادری کےساتھ بات چیت ہوئی، دوطرفہ تجارتی حجم کو5 بلین ڈالرتک لےجانےکی خواہش کااظہارکیا، ترک حکومت، شہریوں، کاروباری افراد کیلئے ویزوں کی سہولت کیلئے اقدامات کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور عوام کےدرمیان رابطوں کو فروغ دیا جاسکے.

گذشتہ روز ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاکستان اور ترکی کی دوستی لازوال ہے، بدقسمتی سے ہمارے تعلقات کی دوطرفہ تجارت میں عکاسی نہیں ہوتی، پاکستان اور ترکی کو باہمی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تمام رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تجارت کا موجودہ حجم ناکافی ہے، پاکستان اور ترکی کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئیں آج عزم کریں کہ دوطرفہ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک لے جائیں گے، آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اس ہدف کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں