22 گھنٹے گزر گئے، کراچی کے سپر سٹورمیں لگی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا، 1 شخص جاں بحق

22 گھنٹے گزرنے کے باوجود کراچی کے سپر سٹور میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا، دھواں بھرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

بتایا گیا ہے کہ انتظامیہ نے متاثرہ عمارت کو خطرناک قرار دے دیا، قریبی عمارتوں کو خالی کرانے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق سپر سٹور کے تہہ خانے تک رسائی میں مشکلات ہیں جس کے سبب آگ بجھانے میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ سینئر فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ آگ پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔

دوسری جانب کورنگی صنعتی ایریا میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی اگ پر 3 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا۔ ڈی سی کور کورنگی کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تاہم فیکٹری ملازمین اور مالک کی غفلت کے باعث شدت اختیار کی اور بڑے حصے کو لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ، اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ ڈی سی کورنگی محمد علی زیدی کے مطابق پولیس نے آگ کی اطلاع دی۔

ریسکیو آپریشن میں 8 گاڑیوں اور ایک اسنارکل نے حصہ لیا۔ ابتدائی طور پر آتشزدگی کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔ آتشزدگی کے واقعے میں ایک ریسکیو اہلکار سر پر بھاری چیز گرنے سے زخمی ہوا۔ ریسکیو حکام کے مطابق فیکٹری میں موجود بڑی تعداد میں کپڑا جل کر خاکستر ہو گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں