اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمت بڑھی تو نقصان برداشت کرنے کے پیسے نہیں: وزیرخزانہ

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بجٹ میں نوکری پیشہ طبقے پر ٹیکس نہ لگانے کا اعلان کیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں بات کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ نئے بجٹ میں نوکری پیشہ افراد پر نہیں اشرافیہ پر ٹیکس لگے گا، دفاعی بجٹ معمول کے مطابق بڑھے گا اور آمدنی کے حساب سے ٹیکس لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے، عمران حکومت نے 20 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا، عمران خان جان بوجھ کر ہمارے لیے مشکلات پیدا کرکےگئے ہیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف ) سے پیٹرول مہنگا کرنے کا معاہدہ بھی عمران حکومت نے ہی کیا، اگلے سال 21 ارب ڈالرز قرضے کی مد میں واپس کرنےہیں۔

لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافے پر بات کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمت مزید بڑھی تو حکومت کے پاس نقصان برداشت کرنے کے لیے پیسے نہیں، پاور پلانٹ بند پڑے ہیں اور صلاحیت بھی پوری نہیں اس لیے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی میں تو اپنی تنخواہیں بھی چھوڑنے کو تیار نہیں، اسمبلیوں میں آنہیں رہے لیکن تنخواہیں پوری وصول کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں