وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی بحران اور لوڈشیڈنگ سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اہم اجلاس طلب کرلیا، قومی اقتصادی کونسل کی اہم بیٹھک بھی آج شیڈول ہے۔
ملک میں معاشی مسائل اور بجلی بحران کے حل کیلئے وزیر اعظم شہبازشریف متحرک،تمام مصروفیات منسوخ کر دیں۔آج طلب کئے گئے اجلاس میں روز بروز بڑھتی مہنگائی ، عوام پر اس کے اثرات اور بنیادی اشیا کی فراہمی یقینی بنانے سے متعلق معاملات زیر غور آئیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں آٹے کے مسئلے کے حل کیلئے شہباز سپیڈ سے سستے آٹے کی فراہم شروع کروا دی ہے، صوبے میں 100 موبائل سٹورز نے کام شروع کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے صوبہ خیبر پختونخوا کو ایبٹ آباد اور پشاور زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، سستے آٹے کی فراہمی کا منظم سلسلہ بتدریج پورے خیبر پختونخوا میں پھیلایا جائے گا، ایبٹ آباد اور پشاور زون میں 50 ہزار سے زیادہ آٹے کے تھیلے فروخت کئے گئے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ایبٹ آباد اور پشاور زونز میں الگ الگ موبائل سٹورز کے ذریعے سستا آٹا فراہم کیا جا رہا ہے، ایبٹ آباد میں دو روز کے دوران 22 ہزار 70 سستے آٹے کے تھیلے فروخت کئے گئے ہیں، پشاور زون میں دو روز میں 23 ہزار 400 سے زائد سستے آٹے کے تھیلے عوام کو فروخت کئے۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے عوام کو 40 روپے کلو آٹے کی فراہمی کے لئے 13 جون تک موبائل سٹورز کی تعداد بڑھا کر 200 کر دی جائے گی۔