شوگر کمیشن کے انکشاف کے بعد مونس الٰہی کیخلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج

مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الٰہی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کے بیٹے اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا ہے۔

ایف آئی اے لاہور نے مونس الٰہی اور دیگر کے خلاف 720 ملین روپے کی منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا ہے جب کہ کیس میں نامزد دیگر ملزمان نواز بھٹی اور مظہر عباس کے خلاف بھی منی لانڈرنگ کامقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

(ق) لیگ کے رہنما کے خلاف درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہےکہ مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز 2 سال قبل ہوا، ان کے خلاف شوگر کمیشن نے منی لانڈرنگ کا انکشاف کیا تھا جب کہ مقدمہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کی رپورٹ پر درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق کیس میں گرفتار ملزمان نواز بھٹی سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کا بھتیجا جب کہ ملزم مظہر عباس چپڑاسی ہے، محمد خان بھٹی کے بھتیجے واجد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں