فیٹف پر قانون سازی ہم نے کی، حکومت کس بات کا کریڈٹ لے رہی ہے: شاہ محمود

اسلام آباد: تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ فیٹف کے حوالے سے قانون سازی ہم نے کی اب حکومت کس بات کا کریڈٹ لینے کی کوشش کررہی ہے۔

ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جب ہم فیٹف پرقانون سازی کررہے تھے تو پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ گریزاں تھیں، ہم نے دونوں کو قائل کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے این آراو 2 رکھ دیا، دونوں جماعتوں نےشرط رکھی تھی کہ ہمیں نیب کیسز میں ریلیف ملےگا تو ساتھ دیں گے

انہوں نے کہا کہ فیٹف کے حوالے سے ایکشن پلان سے لے کر اس کی منصوبہ بندی، انتظامی اقدامات اور قانون سازی پی ٹی آئی دورحکومت میں ہوئی ہے، اب حکومت آج کس بات کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھاکہ حماد اظہر، وزارت خزانہ اور وزارت خارجہ نے مل کرمتفقہ لائحہ عمل اپنایا، عسکری ادارے کے متعلقہ حکام اور اسٹیٹ بینک کے لوگوں نے بہت تعاون کیا، فیٹف نے جتنے بینچ مارک متعین کیے ، ہم نے ان پر تسلی بخش پیش رفت کی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ فیٹف ٹیم اپنے وزٹ کے دوران مثبت پیش رفت دیکھتے ہوئے مثبت فیصلہ کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں