افغانستان زلزلہ، جاں بحق افراد کی تعداد 950 تک جا پہنچی

افغانستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد نو سو پچاس ہوگئی، خوست اور پکتیا میں دل دہلا دینے والے مناظر سامنے آئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا نے افغانستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کے حوالے سے بتایا کہ افغانستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے سے 950 افراد کی اموات کی تصدیق ہوگئی ہے، زلزلے سے 600 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ تباہی صوبہ پکتیکا میں ہوئی جہاں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 300 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
امریکی جیولوجیکل کے مطابق زلزلے کا مرکز خوست شہر سے 27 میل دور تھا اوراس کی گہرائی 31 میل تھی، زلزلے سے کچے مکانات گر گئے اور زمین میں دراڑیں پڑگئیں، زلزلے سے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ آج افغان طالبان کے ترجمان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کابل سمیت افغانستان کے مختلف حصوں میں رات گئے6.1شدت کا زلزلہ آیا۔

پکتیا سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں اب تک کی اطلاعات کے مطابق دو سو پچپن افراد جاں بحق جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہوئے جبکہ سینکڑوں گھر بُری طرح متاثر ہوئے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ ننگرہار، لغمان،غزنی، میدان وردک، لوگر،خوست میں بھی زلزلےکےجھٹکےمحسوس کیےگئے، زلزلے کے نتیجے میں اب بھی کئی افراد ملبےتلے دبے ہوئے ہیں متاثرہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور پشاور سمیت شمالی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9، گہرائی 40 کلو میٹر تھی، جب کہ زلزلے کا مرکز وسطی افغانستان تھا۔

خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلہ

شہریوں کے مطابق زلزلے کے جھٹکے 30 سے 40 سیکنڈز تک محسوس کیے گئے، تاحال زلزلے کے باعث کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
واضح رہے کہ چند روز کے دوران پاکستان میں شدید زلزلے کا دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل جمعے کو بھی وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 5.1 شدت کا زلزلہ آیا تھاجس نے خوف وہراس پھیلا دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں