عمران خان کیخلاف مسلم لیگ ن کا اسٹریٹجک میڈیا سیل دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ

مسلم لیگ ن کی حکومت نے عمران خان اور تحریک انصاف کو ریاست مخالف ثابت کرنے کے لئے اسٹریٹجک میڈیا سیل دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی حکومت نے اسٹریٹجک میڈیا سیل دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا ،ذرائع نے بتایا کہ سیل کا پہلا ٹاسک عمران خان اور تحریک انصاف کو ریاست مخالف ثابت کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ سیل عمران خان کو فوج مخالف سیاستدان کے طور پر پیش کرنے کا کام کرے گا ، اس سیل کیساتھ ساتھ میڈیا کے لوگوں کو خاص طور پر استعمال کیاجائے گا۔

ذرائع نے مزید کہا کہ اس سیل میں نجی شعبے سے میڈیا کنسلٹنٹس بھی بھرتی کیے جائیں گے اور اس کام کیلئےمین اسٹریم میڈیا کیساتھ سوشل میڈیا کو بھی استعمال کیا جائے گا۔
یاد رہے ن لیگ نے اسٹریٹجک میڈیا سیل اپنے دور حکومت میں2015میں قائم کیا تھا ، ماضی میں یہ سیل مریم نواز کی زیر نگرانی میں کام کرتا تھا۔
اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہبازگل نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا سیل جیسے کام ن لیگ کا پورا طریقہ کار ہے ، سابقہ ن لیگ دورمیں مریم نواز پہلے بھی میڈیا سیل چلاتی رہی ہیں.

شہبازگل کا کہنا تھا کہ اب یہ سیل قائم کرکے گھناؤنا کھیل کھیلنے جارہےہیں ، عمران خان پاکستان کے سب سے مقبول لیڈر عمران خان ہیں، ریاستی مشینری استعمال کرکے مقبول لیڈر پرہرزہ سرائی کی کوشش کی جارہی ہے لیکن عوام آج عمران خان ے ساتھ ہیں۔

انھوں نے مزید کہا پروپیگنڈے کیلئے استعمال ایک ایک پائی کا حساب ہوگا، ہم عدالت سمیت ہر فورم پر جائیں گے اور پروپیگنڈے کو بےنقاب کریں گے ، عوامی لیڈر کیساتھ جو یہ کر رہے ہیں اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ان کو جو دل کررہاہے وہ قانون سازی کررہےہیں، عمران خان نے ملک میں انصاف اور قانون کی عملداری کی بات کی، اےآروائی کا شکریہ اداکرتاہوں کہ وہ حقیقت کو سامنے لاتے ہیں، مریم صفدر نے پہلے بھی میڈیا سیل بنایا اور اس پر کروڑ روپے لگائےتھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں