حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام، ایک ماہ میں 6.34 فیصد کا اضافہ

حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی، ایک ماہ میں مہنگائی میں 6.34 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا، جون میں شہروں میں مہنگائی 6.19 فیصد اور دیہات میں 6.57 فیصد بڑھی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ماہ میں آلو کی قیمت میں 36.64، انڈے 19.98، دال مسور 17.42، دال چنا 14.03، چنے 13.62، گندم 13.03، خوردنی گھی 12.86، ٹماٹر9.03 اور چاول کی قیمت میں 11.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ماہانہ رپورٹ کےمطابق جون میں مرغی کا گوشت 7.83، آٹا 3.76 اور سبزیاں 3.54 فیصد سستی ہوئیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر دیہات میں ٹماٹر 27.70 ، آلو 25.85 ، انڈے 19.96، خوردنی تیل 18.27 فیصد اور خوردنی گھی 17.16 فیصد مہنگا ہوا جبکہ چکن 11.10 ، آٹا 4.01 اور پھلوں کی قیمت میں 3.54 فیصد کمی ہوئی، ایک سال میں شہروں میں پیاز کی قیمت میں 124.30، ٹماٹر 121.72، خوردنی گھی 76.71، دال مسور 74.32 اور خوردنی تیل 70.8 فیصد مہنگا ہوا۔

جاری کردہ رپورٹ کے مطابق شہری علاقوں میں ایک سال میں مصالحوں کی قیمت میں 20.11 ، دال مونگ 18.46 اور چینی 11.28 فیصد سستی ہوئی، دیہی علاقوں میں ایک سال کے دوران پیاز 175.59، ٹماٹر 149.57، خوردنی تیل 88.28 ، خوردنی گھی 86.34، دال مسور 73.93 فیصد مہنگی ہوئی، اس عرصے میں چنے 65.36، پھل 40.93، چکن 33.62 فیصد مہنگا ہوا، دال مونگ 14.64، مصالحے 11.58، چینی 10.3 فیصد سستی ہوئی ہے۔

ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 3.63 فیصد کا بڑا اضافہ

ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 3.63 فیصد کا بڑا اضافہ ہو گیا، شرح 32.77فیصد پر پہنچ گئی، ٹماٹر، پیاز، دالوں سمیت 28 اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں۔
ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ٹماٹر 22 روپے70 پیسے، پیاز 6 روپے 24 پیسے، دال ماش 7 روپے 18 پیسے، دال مونگ 3 روپے 34 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، انڈے 4 روپے 83 پیسے فی درجن، دال مسور3 روپے 86 پیسے فی کلومہنگی۔

رپورٹ کے مطابق 6 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جن میں برائلر مرغی، کیلے، لہسن، آٹے کا تھیلا اور خوردنی گھی سستا ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں