عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سے خفیہ ملاقات کی کوششیں کیں

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے قریبی ذریعے نے  بتایا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز یا ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز سے زندگی میں کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔

ذریعے کا کہنا تھا کہ اس کی بجائے اپنی وزارت عظمیٰ کے دوران عمران خان مختلف خفیہ ملاقات کیلئے پیغامات بھجواتے رہے ہیں لیکن چیف الیکشن کمشنر نے پیغام لانے والوں سے کہہ دیا کہ وہ ملاقات نہیں کر سکتے۔

ذریعے کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر نے اُس وقت کے وزیراعظم عمران خان کو جوابی پیغام بھیجتے ہوئے کہا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت سے اُن کا دفتر تمام سیاست دانوں اور ہر سیاسی جماعت کیلئے کھلا ہے لیکن اُن کیلئے کسی ایک فرد بشمول وزیراعظم سے خفیہ ملاقات کرنا ممکن نہیں۔
ذریعے کا کہنا تھا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر ایسے شخص نہیں جو کسی سیاسی جماعت کے دباؤ میں آ جائیں گے یا اپنے خلاف جھوٹی یا جعلی باتوں پر دفاعی حکمت عملی اختیار کریں گے۔

سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے متعدد مرتبہ چیف الیکشن کمشنر پر حمزہ شہباز اور مریم نواز کے ساتھ لاہور میں خفیہ ملاقات کا الزام عائد کیا ہے۔ ذریعے نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ سکندر سلطان کی زندگی میں کبھی حمزہ یا مریم سے ملاقات نہیں ہوئی۔ کہا جاتا ہے کہ سکندر سلطان کبھی کبھار لاہور جاتے ہیں لیکن اس کی وجہ یہ ہے کہ اُن کے اہل خانہ یہاں رہتے ہیں، وہ ان کے ساتھ وقت گزارنے کیلئے جاتے ہیں۔

ذریعے نے افسوس کا اظہار کیا کہ جان بوجھ کر چیف الیکشن کمشنر کیخلاف جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے تاکہ انہیں متنازع شخصیت بنا کر پیش کیا جا سکے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ یہ مہم اسلئے شروع کی گئی ہے کیونکہ الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، کمیشن ایسے دباؤ میں نہیں آئے گا۔

ذریعے نے یقین دہانی کرائی کہ سکندر سلطان بلا خوف و خطر اور کسی کیلئے نرم گوشہ رکھے بغیر اپنا آئینی کردار ادا کرتے ہوئے شفاف اور منصفانہ انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہیں۔

عمران خان نے کمیشن پر پنجاب کے آئندہ ضمنی انتخابات کے دوران پی ٹی آئی کو شکست دینے کیلئے نون لیگ کے حق میں دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ اگرچہ عمران خان چیف الیکشن کمشنر پر نون لیگ کی قیادت سے خفیہ ملاقات کا الزام عائد کر رہے ہیں لیکن وہ خود سکندر سلطان سے خفیہ ملاقات کیلئے پیغام بھیجتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک نہیں بلکہ مختلف افراد کے ذریعے عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کو خفیہ ملاقات کا پیغام بھیجا تھا۔ ذریعے نے بتایا کہ سکندر سلطان پی ٹی آئی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے سیاستدانوں سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں لیکن یہ تمام ملاقاتیں الیکشن کمیشن آف پاکستان (دفتر) میں ہوئیں۔

حال ہی میں پی ٹی آئی کے ڈپٹی چیئرمین نے چیف الیکشن کمشنر سے اُن ہی کے دفتر میں ملاقات کی جو ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ عمران خان کی کابینہ کے مختلف وزراء چیف الیکشن کمشنر سے ان کے دفتر میں ملاقات کرتے رہے ہیں اور ان ملاقاتیوں میں سب سے زیادہ ملاقاتیں شبلی فراز نے کی ہیں، تاہم چیف الیکشن کمشنر کا کسی سیاست دان یا حکمرانوں کے ساتھ خفیہ ملاقات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

گزشتہ جمعرات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان کے اس الزام کو مسترد کر دیا کہ وہ پارٹی کیخلاف فیصلے کر رہے ہیں، کمیشن نے اس تاثر کو غلط اور بے بنیاد قرار دیا۔ الیکشن کمیشن کا رد عمل عمران خان کی لاہور ورکرز کنونشن میں چیف الیکشن کمشنر پر سخت تنقید کے بعد سامنے آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں