شہباز شریف کو کب فارغ کرنا ہے یہ عمران خان کی خواہش پر ہے: فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو اب دباؤ میں لانا کوئی بڑا مسئلہ نہیں رہا اور انہیں کب فارغ کرنا ہے یہ عمران خان کی خواہش پر ہے۔

جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو پختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاسی بحران کو ختم کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بغیر مسئلہ حل نہیں ہوگا، انتخابات کرانا ہوں گے، نواز شریف نے تو کہا تھا کہ ہمیں الیکشن میں جانا چاہیے، نواز شریف سے اختلاف اپنی جگہ لیکن ان سے بڑے سیاست دان ہمارے ہاں کم ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کے بغیر مسئلہ حل نہیں ہوگا، انتخابات کروانا ہوں گے، پرویز الہیٰ کا الیکشن ہوجائے گا لیکن سیاسی استحکام نہیں آئے گا۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت وینٹی لیٹر پر ہے ،شہباز شریف اب کہاں کے وزیراعظم رہ گئے ہیں؟ اگلے الیکشن میں کیسے جانا ہے یہ بڑی جماعتوں کو فیصلہ کرنا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے مکمل نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 15 اور مسلم لیگ (ن) نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی جب کہ ایک نشست آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں