اسٹیٹ بینک نے وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ قائم کر دیا

اسٹیٹ بینک نے وزیر اعظم فلڈ ریلیف فنڈ قائم کر دیا، پاکستان بھر میں تمام بینک برانچوں میں نقد یا کراس چیک کے ذریعے عطیات دیے جا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت کے ہدایت پر وزیر اعظم فلڈ ریلیف فنڈ قائم کر دیا ہے۔
مرکزی بینک نے کہا ملک کے تمام بینک برانچوں میں نقدرقم یا کراس چیک جمع کرائےجاسکتےہیں جبکہ ڈیجیٹل طور پرراست، آئی بی ایف ٹی کے ذریعے بھی عطیات جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے بتایا کہروشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ہولڈرز بھی وزیر اعظم فلڈ ریلیف فنڈ کے آئیکون پر کلک کر کے عطیہ دے سکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے ممالک میں وائر ٹرانسفر یا منی ٹرانسفر آپریٹرز/ایکسچینج کمپنیوں کے ذریعے بھی عطیات دے سکتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ فنڈ کے بارے میں آگاہی پیدا کریں اور عطیہ دہندگان کو عطیات دینے میں سہولت فراہم کریں۔
اس سے قبل وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ملک میں غیرمعمولی سیلاب میں پھنسے لوگوں کی امداد کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے امدادی فنڈ کے قیام کا اعلان کیا تھا۔

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے انکشاف کیا تھا کہ رواں سال جون سے پاکستان بھر میں مون سون کی بارشوں کے دوران 900 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

خیال رہے جون سے اب تک مون سون بارشوں اور سیلاب کے مختلف واقعات میں 326 بچوں اور 191 خواتین سمیت 903 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں