وزیراعظم کا سندھ کے سیلاب متاثرین کیلیے 15 ارب روپے دینے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے بڑی تباہی ہوئی ہے، سندھ حکومت کو سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کیلیے 15 ارب روپے دے رہے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم نے سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد سکھر بیراج پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ رحم کرے سیلاب سے بڑی تباہی ہوئی ہے، اب تک 900 افراد جاں بحق ہوچکےہیں، وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، سیلاب سے جاں بحق افراد کے ورثا کو 10 لاکھ روپے فی کس دیےجائیں گے جب کہ زخمیوں کی بھی مدد کی جائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سندھ میں بے پناہ تباہی ہوئی ہے، 40 سال میں بھی کبھی اتنی تباہی نہیں دیکھی، وفاق چاروں صوبوں کی ہے،سندھ حکومت کو جلد 15 ارب روپے کی گرانٹ مل جائیگی، اب یہ فیصلہ انھوں نے کرنا ہے کہ یہ گرانٹ کس طرح استعمال کرنی ہے، مجھے یقین ہے یہ پُل اور سڑکیں بنائیں گے، گھر گھر پیسہ پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ 28 ارب روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو جاری کردیے ہیں اس میں سب کا ڈیٹا موجود ہے، ہر خاندان کو فوری طور پر 24 ہزار روپے دیے جائیں گے، بلوچستان سے امدادی رقم کی تقسیم کا آغاز کردیا گیا ہے، جب کہ آج سے سندھ میں بھی امدادی رقم کی تقسیم شروع ہوجائے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم سب نے مل کر حکومت بنائی ہے، سب مل کر مقابلہ کرینگے، سندھ کے مختلف علاقوں کا فضائی دورہ کروں گا، سندھ حکومت کو ہر قسم کی سہولت اور مدد فراہم کریں گے، این ڈی ایم اے بھی سندھ حکومت سے تعاون کرے گا۔ ریسکیو اور ریلیف کا کام جاری ہے، افواج پاکستان بھی متاثرین کی مدد کیلئے میدان میں ہے، نارتھ میں ڈیم بنانے سے ہمیں فائدہ ہوگا، سیلابی صورتحال سے جان چھوٹے گی۔

اس موقع پر شہباز شریف نے مخیر افراد سے سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے صنعتکار، تاجر، کاروباری افراد آگے بڑھ کر ان دکھی لوگوں کی مدد کریں، قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے، آگے بڑھ کر مدد کریں وہ خود مدد کرنا چاہتے تو خود مدد کریں یا وزیراعظم ریلیف فنڈمیں سیلاب متاثرین کےلیےعطیات دیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ ملین خیمے اور مچھردانیاں سندھ کے عوام کو دیں گے، این ڈی ایم اے سندھ کو86 ہزار ٹینٹ دے چکا ہے، سیلاب متاثرین کے لیے مزید اقدامات بھی کئے جائیں گے، جب تک آخری سیلاب متاثر اپنے گھرمنتقل نہیں ہوتا چین سے نہیں بیٹھیں گے، سندھ حکومت کے انتظامات حوصلہ بخش اور شاندار ہیں، میں بلاول بھٹو، مرادعلی شاہ اور انکی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، اس صورتحال میں سندھ کی قیادت بھرپور محنت کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں