پاکستان کیخلاف جڈیجا آؤٹ ہوا تو میں جذباتی ہوگیا: پانڈیا

بھارتی ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف کھیلنا ہمارے لیے چیلنج تھا۔
بھارتی آل راؤنڈرز ہاردک پانڈیا اور رویندرا جڈیجا کی ویڈیو بھارتی بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کی گئی جس میں دونوں کھلاڑیوں نے اپنے پلان اور اس وقت کی صورتحال پر بات چیت کی۔

اس موقع پر ہاردک پانڈیا نے کہا کہ بھارتی ٹیم اپنے شروع کے تین بیٹرز کی وجہ سے جانی جاتی ہے، اس بار ہمیں بھی ٹیم کے لیے کچھ کرنے کا موقع ملا اور ہم نے کیا جس کی خوشی ہے۔

بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ میں اور جڈیجا 7 سے 8 سالوں سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں، مستقبل میں بھی ہمارے ٹاپ تھری بیٹرز آؤٹ ہو جاتے ہیں تو یہ میچ ہمیں یاد آئے گا۔

پانڈیا نے انکشاف کیا کہ میں پاکستان کے خلاف پوری اننگز میں صرف ایک بار جذباتی ہوا اور وہ وقت تھا جب جڈیجا آؤٹ ہوا، ہمارا ٹارگٹ ورلڈ کپ کھیلنا اور زیادہ سے زیادہ مواقع حاصل کرنا ہے۔

دوسری جانب جڈیجا نے کہا ‘مجھ پر کپتان نے اعتماد کرکے پہلے بھیجا، اسی لیے کوشش کی کہ جتنا ہوسکے اسپنرز کو بڑا شاٹ ماروں، ہماری پارٹنر شپ بہت ضروری تھی ‘۔
خیال رہے کہ اتوار کے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، پاکستان کی جانب سے دیا گیا 148 رنز کا ہدف بھارت صرف 2 گیندوں قبل حاصل کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں