اسلام آباد ہائی کورٹ کا لارجر بینچ آج چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کرے گا، عمران خان ذاتی حیثیت میں پیش ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ ہوگی۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ اطہرمن اللہ کی سربراہی میں 5رکنی لارجربینچ دوپہرڈھائی بجے کیس کی سماعت کرے گا۔
بینچ میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس بابر ستار اور جسٹس طارق محمود جہانگیری شامل ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان عدالتی حکم پرذاتی حیثیت میں پیش ہوں گے۔
اس موقع پر کورٹ روم نمبر ون میں پاسز کے ذریعے وکلا اور صحافیوں کے داخلے کو محدود بنایا گیا ہے جبکہ احاطہ عدالت میں وکلا، صحافیوں یا سائلین کے داخلے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
گذشتہ روز عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے توہین عدالت شوکاز نوٹس پر جواب جمع کرایا تھا۔
ایڈووکیٹ حامدخان کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں عمران خان نے خاتون جج زیبا چوہدری سےمتعلق الفاظ واپس لینے کی پیشکش کی تھی۔
جواب میں کہا گیا تھا کہ عمران خان ججوں کے احساسات مجروح کرنے پر یقین نہیں رکھتے ، انھوں نے پوری زندگی قانون اور آئین کی پابندی کی ہے اور آزاد عدلیہ پر یقین رکھتے ہیں، عدالت تقریر کا سیاق وسباق کے ساتھ جائزہ لے۔
عمران خان نے جواب میں توہین عدالت کا شو کاز نوٹس واپس لینے کی استدعا کی۔
یاد رہے پیمرا نے عمران خان کی 20 اگست کو ایف نائن پارک میں تقریر کی ڈی وی ڈی اور ٹرانسکرپٹ جمع کرایا تھا۔
خیال رہے عدالت نے توہین عدالت کیس میں معاونت کے لیے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کر رکھا ہے۔
واضح رہے عمران خان نے تقریر میں کہا تھا” اور مجسٹریٹ صاحبہ زیبا آپ بھی تیار ہو جائیں” آپ کے اوپر بھی ہم ایکشن لیں گے آپ سب کو شرم آنی چاہئے”۔