وزیراعظم کی ایف ڈبلیو او کو سڑکیں فوری بحال کرنے کی ہدایت، کے پی کیلئے 10 ارب کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ خیبر پختونخوا کے لیے بھی 10 ارب روپے کی امداد کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے امداد کے اعلان پر امریکی حکومت کے شکر گزار ہیں۔

وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سانحہ بہت بڑا ہے جس میں لاکھوں لوگ شدید متاثر ہوئے ہیں، دنیا بھر میں موجود اپنے دوستوں کی ضرورت ہے جو دکھی انسانیت کی مدد کریں، دوست ممالک سے دن رات جہاز امدادی سامان لے کر آرہے ہیں جس کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

سوات میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایف ڈبلیو او کو ٹوٹی سڑکوں کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کرنے کی ہدایت کر دی ہے جس کی نگرانی میں خود کروں گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا سب مل کر متاثرین کی امداد کے لیے کام کر رہے ہیں، ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے سڑکوں کی بحالی کے کام میں مصروف ہے، سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر مہیا کرنے پر آرمی چیف کے شکر گزار ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے این ڈی ایم اے کے لیے 28 ارب روپے مہیا کیے ہیں، ہر متاثرہ خاندان کو 25 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے لیے 15 ارب روپے کی امداد کا اعلان کیا اور بلوچستان کے لیے 10 ارب روپے کا اعلان کیا، خیبرپختونخوا کے لیے بھی 10 ارب روپے کی امداد کا اعلان کرتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں