وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کی منظوری دیتے ہوئے سولر پاور پلانٹس کی جلد تعمیر کی ہدایت کردی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام کو بجلی کے معاملے میں ریلیف دینے کے لئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے بیرون ملک سے مہنگا تیل منگوا کر بجلی بنانے کے بجائے شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کی ہدایت دے دی۔
وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے فیصلے پر عملدرآمد کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو منصوبے پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم کا یکم اگست کو پہلی جامع سولر انرجی پالیسی سامنے لانے کا اعلان
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں وزیراعظم نے آئندہ ہفتے تمام اسٹیک ہولڈرز سے بڈز طلب کیے جانے سے قبل کانفرنس منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم نے سولر پاور پلانٹس جلد تعمیر کر کے آئندہ گرمیوں تک عوام کو بجلی کی فراہمی میں ریلیف دینے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق پہلے مرحلے میں سرکاری عمارتوں، بجلی اور ڈیزل سے چلنے والے ٹیوب ویلز اور کم یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو سورج کی روشنی سے پیدا ہونے والی بجلی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے پاکستان اربوں ڈالر کی بچت کرسکے گا۔
واضح رہے کہ 7 جولائی کو وزیراعظم کی زیرِ صدارت انرجی ٹاسک فورس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ قومی سولر انرجی پالیسی کا اعلان یکم اگست کو کر دیا جائے گا جبکہ پالیسی کا نفاذ مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری سے مشروط ہوگا۔
اجلاس میں ملک میں شمسی توانائی کے فروغ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی اور بتایا گیا کہ ملک میں ایندھن سے چلنے والے پاور ہاؤسز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 11 کے وی کے 2 ہزار فیڈرز پر شمسی توانائی کی پیداوار کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سولر پینلز اور الیکٹرک گاڑیوں پر ٹیکس کا نفاذ منسوخ کرنے کا مطالبہ
علاوہ ازیں ملک بھر میں سرکاری عمارات کی شمسی توانائی پر منتقلی کی تجویز کے حوالے سے اجلاس میں تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا تھا کہ اگلے 10 سالوں میں سرکاری عمارات پر ایک ہزار میگاواٹ تک کے شمسی توانائی پیدا کرنے کے پلانٹس لگائے جائیں گے جو کہ (ٹرانسفر، آپریٹ، اون) بوٹ کی بنیاد پر لگائے جائیں گے۔
مزید برآں اجلاس کے دوران بی ٹو بی سولر ویلنگ اور منی سولر گرڈز کی تجاویز بھی زیرِ غور آئی تھیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا تھا کہ ملک میں ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن بھی کی جائے گی، اس سلسلے میں حکومتی فنڈنگ سے بلوچستان میں ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ زیرِ غور ہے جس کے ذریعے صوبے میں 30 ہزار ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا، اس منصوبے پر 300 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔
گھر میں سولر سسٹم کتنے روپے میں لگ سکتا ہے؟
اسلام آباد میں انرجی ٹاسک فورس کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو سستی اور ماحول دوست بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ ملک کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنائے۔
انہوں نے کہا تھا کہ شمسی توانائی بجلی پیدا کرنے کا ایک صاف، سستا اور ماحول دوست ذریعہ ہے، شمسی توانائی کے استعمال سے ڈسٹری بیوشن لاسز، بجلی کی چوری اور گردشی قرضے جیسے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا تھا کہ شمسی توانائی سے پیدا کی گئی بجلی سستی ہوگی اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم ہوگا۔
ایسے سولر پینل تیار جو بجلی کے ساتھ فضا سے پانی بھی بنائے
ان کا کہنا تھا کہ اس چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم پاکستان کی پہلی جامع سولر انرجی پالیسی سامنے لارہے ہیں، اس پالیسی کا نفاذ صوبوں کی باہمی مشاورت سے ہوگا، حکومت کی کوشش ہے کہ ملک کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنایا جائے۔
شہباز شریف نے سولر انرجی ٹاسک فورس کی تجاویز کو سراہتے ہوئے ہدایت دی تھی کہ تمام صوبوں کو ان تجاویز سے آگاہ کرکے ان کی رائے لی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ متبادل توانائی کے تمام منصوبوں میں صوبوں کی ہم آہنگی ہو۔