عدلیہ مخالف بیانات، فواد چوہدری کیخلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدلیہ مخالف بیانات پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔
درخواست گزار وکیل سلیم اللہ خان ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ درخواست کے ساتھ فواد چوہدری کے بیانات کا ٹرانسکرپٹ منسلک ہے، پڑھنا چاہوں گا۔

وکیل کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری نےکہا عمران خان کو توہین عدالت میں سزا ممکن نہیں، وہ پاپولر لیڈر ہیں، فواد چوہدری کا بیان صرف کسی جج نہیں،چیف جسٹس سمیت تمام عدلیہ کے خلاف ہے، فواد چوہدری کے خلاف توہین آمیز بیانات کی وجہ سے توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

عدالت نے درخواست گزار سے سوال کیا کہ کس قسم کی توہین عدالت کی کارروائی ہو سکتی ہے ؟
درخواست گزار نےکہا کہ فواد چوہدری کے خلاف کرمنل توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ سیاسی بیانات میں فیصلوں پر تنقید سے توہین عدالت نہیں ہوتی، ایسےبیانات پرکارروائیاں کریں گے تو کوئی اورکام نہیں رہےگا، سارا دن یہی کرتے رہیں گے، جس کیس کا آپ حوالہ دے رہے ہیں پہلے سے وہ لارجر بینچ میں زیر سماعت ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں